چنئی، 17؍فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )جیسے کو تیسا والا تیور اپناتے ہوئے او پنیرسیلوم کے خیمے نے آج انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا اور ان کے دو رشتہ داروں کو پارٹی کے اصولوں وضوابط کی خلاف ورزی کرنے کے لیے پارٹی سے باہر کر دیا۔ششی کلا کی طرف پریسیڈیم چیئرمین کے عہدے سے ہٹائے گئے ای مدھوسودن نے ایک بیان میں کہا کہ ششی کلا نے آنجہانی جے للتا سے وعدہ کیا تھا کہ وہ سیاست میں نہیں آئیں گی اور حکومت یا پارٹی کا حصہ بننے میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے، انہوں نے اس وعدے کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کارکنوں سے ششی کلا کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رکھنے کو کہاہے ۔اس سے پہلے ششی کلا کے وفادار اداپڈی کے پلانی سوامی نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔کل تمل ناڈو اسمبلی میں انہیں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا ۔مدھوسودن نے ایک بیان میں کہاکہ پارٹی کے اصولوں وضوابط کے خلاف جانے اور اماں سے کئے گئے وعدے کی خلاف ورزی کرنے کے لیے وی ششی کلا کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے برطرف کیا جاتا ہے،ان پر مجرمانہ معاملے بھی ہیں، انہوں نے پارٹی کی شبیہ خراب کی ہے۔گزشتہ ہفتے ہی پنیرسیلوم کی صفوں میں شامل ہوئے مدھسودن کی جگہ ششی کلا نے کے اے سینگوتیان کو پریسیڈیم چیئرمین بنا دیا تھا جسے پنیرسیلوم خیمے نے مسترد کر دیا تھا۔انہیں پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے بھی ہٹا دیا گیا تھا، حالانکہ انہوں نے دعوی کیا تھا کہ ششی کلا کو ایسا کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔بنگلو ر میں آمدنی سے زیادہ 66کروڑ روپے کی جائیدادکے معاملے میں جیل کی سزا کاٹ رہی ششی کلا نے سابق وزیر اعلی او پنیرسیلوم کو بھی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے ہٹا دیا تھا۔